بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

اسلام آباد،حضرت بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز

SerialKiller

اسلام آباد،حضرت بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز

حنیف عباسی، عرفان میمن، ملک ابرار، راجہ سرفراز اکرم نے دربار کو غسل دیا

اسلام آباد ( سٹی رپورٹر) حضرت شاہ عبداللطیف المعروف بری امام سرکارؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کے سلسلے میں دربار شریف کو غسل دینے کی روح پرور اور پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن، رکن قومی اسمبلی ملک ا برار احمد، خادم دربار بری امام سرکار و بابا کلو سرکار راجہ سرفراز اکرم سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران عقیدت و احترام کے ساتھ دربار شریف کو غسل دیا گیا، جبکہ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔دربار شریف کو غسل دینے کی رسم میں شریک شخصیات نے حضرت بری امام سرکارؒ کی تعلیمات اور صوفیانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حضرت بری امام سرکارؒ برصغیر کے عظیم صوفی بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے اپنی تعلیمات کے ذریعے محبت، اخوت، رواداری، انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔ ان کا پیغام آج بھی معاشرے میں امن، برداشت اور اتحاد کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں اور حضرت بری امام سرکارؒ سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ عرس کی تقریبات نہ صرف مذہبی و روحانی اعتبار سے اہم ہیں بلکہ اسلام آباد کی صوفیانہ اور ثقافتی روایات کا بھی اہم حصہ ہیں۔تقریب کے موقع پر دربار اور اس کے اطراف میں سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے انتظامات کیے گئے ہیں۔تقریب میں چوہدری واجد ایوب، ڈاکٹر ریاض شہباز جنجوعہ، راجہ امتیاز جنجوعہ، ڈاکٹر راجہ آصف جنجوعہ، ملک افتخار احمد، شفیق الدین اور قاری عبید الرحمن ستی ،عمر فاروق قدوسی،سید بشیر شاہ،راجہ شہزاد جنجوعہ،ڈاکٹر حیدر جنجوعہ،عبداللہ جنجوعہ، راجہ محمد ایاز،احسان الحق میاں،کرنل انعام ربانی اورجنرل (ر) عبدالجنجوعہ(ستارہ امتیاز) سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

2026-08-14 95
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×