الجزائر سٹی: الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روکنے کا اعلان کردیا ہے۔
الجزائری حکام کے مطابق اماراتی طیاروں کو ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے یا وہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام نے تاہم واضح کیا ہے کہ دبئی اور ابوظہبی سے الجزائر آنے والی مخصوص کمرشل پروازیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ وزارت دفاع کے مطابق اماراتی کمرشل پروازوں کو رواں سال کے اختتام تک محدود مدت کے لیے الجزائر کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
الجزائر کے دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر بھی اماراتی کمرشل پروازوں کی آمد و رفت سال کے آخر تک عارضی طور پر جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ الجزائر اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان بھی کر چکا ہے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہوا ہے۔










