بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

SerialKiller

وزیراعظم شہباز شریف کا برآمدات بڑھانے پر زور، سپر ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کا جائزہ لینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاروں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں برآمدات بڑھانے، کاروباری ماحول میں بہتری اور معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مشاورت کا مقصد برآمدات پر مبنی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز حاصل کرنا ہے۔ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود مشاورت کے ذریعے بنیادی اصلاحات آگے بڑھائی گئی ہیں۔ ان کے مطابق حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملک کے مجموعی معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے ایک سال کے دوران تقریباً 800 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ میکرو اکنامک استحکام کے بعد اب مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی استحکام کے مثبت اثرات عام شہری تک بھی پہنچیں اور روزگار و کاروبار کے مزید مواقع پیدا ہوں۔

دوسری جانب وزیراعظم نے برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کو سہولت فراہم کرنا ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کا حصہ بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔

2026-09-09 16
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×