راولپنڈی: روات ٹی چوک پر احتجاج کے دوران سرحد یونیورسٹی کے طلباء پر فائرنگ کے واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد طلباء مشتعل ہوگئے، جس پر اسلام آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق طلباء اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے تھے کہ اسی دوران فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ واقعے کے بعد طلباء میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور احتجاج مزید شدت اختیار کرگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی وجوہات اور اس میں ملوث افراد سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ مزید صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔










