بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

ماریشس کے سفیر کا پاکستان سے تجارت اور ثقافتی روابط بڑھانے پر زور

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان میں ماریشس کے سفیر منصور کریم بخش نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماریشس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک باہمی طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

منصور کریم بخش نے بتایا کہ ماریشس ایک جزیرہ ملک ہے جس کی آبادی تقریباً 12 لاکھ ہے۔ ملک نے 1968 میں آزادی حاصل کی جبکہ 1992 میں جمہوریہ بنا۔ ان کے مطابق ماریشس میں تعلیم مفت ہے اور سیاحت ملکی معیشت کا اہم ستون بن چکی ہے، جبکہ آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ بھی نمایاں شعبے ہیں۔

سفیر نے کہا کہ انہوں نے پاکستانی وزارتِ تجارت کے حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے ماریشس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جبکہ ماریشس بھی پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیحات میں بزنس ٹو بزنس روابط، طلبہ کے تبادلے، سیاحت اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔ نوجوانوں کے حوالے سے ستمبر میں ایک سیمینار منعقد کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں۔

ماریشس کے سفیر نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ 2024 سے پاکستان میں تعینات ہیں اور انہیں یہاں آکر ہمیشہ اپنائیت محسوس ہوئی۔ ان کے بقول پاکستانی عوام محبت کرنے والے، دوستانہ اور انتہائی مہمان نواز ہیں، اس لیے انہیں کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔

منصور کریم بخش نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اردو پڑھنے کا شوق رہا ہے اور ماریشس میں بھی پاکستان کو محبت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایک دوسرے کے معاشروں اور ثقافتوں کے بارے میں مزید آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ منشیات کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تجربات اور معلومات کے تبادلے کو بھی انہوں نے باہمی تعاون کے لیے مفید قرار دیا۔

اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال نے کہا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی میڈیا ماریشس کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بڑھانے کے لیے ویزا پالیسی میں آسانی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت، تعلیم، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں روابط بڑھانے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آسکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر نیشنل پریس کلب کی جانب سے ماریشس کے سفیر منصور کریم بخش کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

2026-08-25 33
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×