راولپنڈی: کلرسیداں میں مدرسے کے طالب علم کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے واقعے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت 9 سالہ فیضان کے نام سے ہوئی ہے، جو بھکر کا رہائشی تھا اور تقریباً 4 ماہ قبل مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم کی میت بھکر منتقل کی گئی، جہاں غسل کے دوران اہل خانہ نے جسم پر مبینہ تشدد کے نشانات دیکھے، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ابتدائی کارروائی کے دوران 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔










