راولپنڈی: ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے ملازمین نے فنڈز میں مبینہ کٹوتی اور 236 ملازمین کی برطرفی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری بحالی کا مطالبہ کردیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فنڈز کی کمی کا بوجھ ملازمین پر ڈالنا ناقابل قبول ہے۔ ان کے مطابق متعدد ملازمین گزشتہ 8 سے 10 سال سے ادارے میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے، جنہیں اچانک ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے شب و روز اپنے فرائض انجام دیے اور ادارے کی کارکردگی میں اپنا کردار ادا کیا، اس لیے انہیں نوکریوں سے نکالنے کا کوئی جواز نہیں۔
مزدور یونینز نے برطرف ملازمین کی بحالی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملازمین کو فوری بحال نہ کیا گیا تو آر ڈی اے، واسا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
مظاہرین نے صوبائی قیادت سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور برطرف ملازمین کی بحالی کے لیے معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انجمن تاجران اور دیگر مزدور تنظیموں سے بھی ملازمین کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی گئی










