چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد؛ "سرسبز پاکستان، بینظیر پاکستان" شجرکاری مہم کا آغاز؛ تعلیمی وظائف پروگرام سے منسلک بچوں کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹا؛ سوات میں سیلاب کے دوران خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل عملے اور رضاکاروں کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم؛ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دُعا اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے، اجتماعی سوچ، خوداحتسابی اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے؛ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عملی تعبیر ہے؛ بی آئی ایس پی نے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے ادائیگیوں کے نظام میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائیں؛ افواجِ پاکستان کی وطن کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت اور پُرامن کردار اجاگر کرنے کی ضرورت ہے: سینیٹر روبینہ خالد کا خطاب
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرعصمت نواز، بی آئی ایس پی کے افسران، ملازمین، بی آئی ایس پی سے منسلک خاندانوں اور بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہونے والے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت ک تقریب کا آغاز چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کے احاطے میں پودا لگا کر "سرسبز پاکستان، بینظیر پاکستان" شجرکاری مہم کے آغاز سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث شجرکاری اب صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک قومی ایمرجنسی بن چکی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے شجرکاری کو وار فٹنگ بنیادوں پر فروغ دینا ہوگا۔ ہر پاکستانی کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ان کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔ اس شجرکاری مہم کو صرف یومِ آزادی تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے پورا سال ایک قومی مہم طور پر جاری رکھا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، سرسبز اور خوشحال پاکستان دیا جا سکے۔بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہونے والے بچوں کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران سوات میں گزشتہ سال سیلاب کے دوران خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل عملے اور رضاکاروں کو ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں انسانیت کی خدمت کرنے والے یہ افراد پوری قوم کے ہیرو ہیں۔
اپنے خطاب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، اللہ تعالیٰ نے اس ملک کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اجتماعی سوچ ، خوداحتسابی اور قومی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن کی عملی تعبیر ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو عزت، تحفظ اور بااختیار بنانا تھا، جبکہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اس وژن کو عملی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ آج بی آئی ایس پی ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کو سماجی تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ خواتین بینیفشریزشہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔
چیئرپرسن نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے ادائیگیوں کے نظام میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور ڈیجیٹل والٹ کا نظام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انٹرآپریبلٹی کی سہولت کے بعد خواتین بینیفشریز ملک کے کسی بھی شہر، کسی بھی دن اور کسی بھی وقت کسی بھی مجاز بینک ایجنٹ سے اپنی رقوم وصول کر سکیں گی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر چیئرپرسن نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔










