کیلیفورنیا: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم iOS 27.3 کا پہلا ڈویلپر بیٹا ورژن آئندہ ہفتے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد چین میں آئی فون صارفین کو ایپل انٹیلی جنس کے متعدد مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
ایپل کی جانب سے چین کی نیوز روم ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیا بیٹا ورژن بدھ 4 نومبر کو دستیاب ہوگا، تاہم امریکی ٹائم زون کے فرق کے باعث وہاں اس کی ریلیز 3 نومبر کو متوقع ہے۔
کمپنی کے مطابق iOS 27.3 کا مکمل اور حتمی ورژن دسمبر میں تمام صارفین کیلئے جاری کیا جائے گا، تاہم اس کی حتمی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔
نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے چین میں آئی فون 15 پرو اور اس کے بعد متعارف کرائے گئے ماڈلز پر ایپل انٹیلی جنس کی مختلف سہولیات فعال ہوں گی۔ ان فیچرز میں رائٹنگ ٹولز، جین موجی، کلین اَپ، نوٹیفکیشن سمریز، پرائیورٹی نوٹیفکیشنز اور وژوئل انٹیلی جنس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایئر پوڈز کے ذریعے لائیو ٹرانسلیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے صارفین کو مختلف زبانوں میں گفتگو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
تاہم ایپل نے واضح کیا ہے کہ چین میں اس اپ ڈیٹ کے ذریعے سری کے نئے مصنوعی ذہانت والے فیچرز دستیاب نہیں ہوں گے۔ اسی طرح جون 2026 کی عالمی ڈویلپرز کانفرنس میں متعارف کرائی گئی ایپل انٹیلی جنس کی بعض دیگر سہولیات بھی چینی صارفین کو فراہم نہیں کی جائیں گی۔
کمپنی کے مطابق امیج پلے گراؤنڈ فیچر بھی چین میں دستیاب نہیں ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ نئی اپ ڈیٹ کے باوجود بعض AI سہولیات کی دستیابی خطے کے لحاظ سے مختلف رہے گی۔









