لاہور: جہلم کے قریب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن پر راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین راول ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی اور پٹری سے اتر گئی، تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق راول ایکسپریس رات ساڑھے 12 بجے راولپنڈی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین جب کالا گجراں ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور 3 بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی مسافر کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
حادثے کے فوراً بعد متعلقہ ریلوے عملہ موقع پر پہنچ گیا اور صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ متاثرہ ٹرین کو بحال کرنے اور ریلوے ٹریک کو جلد از جلد ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے کھولنے کے اقدامات جاری ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت اور معمول کے شیڈول پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور بریک فیل ہونے کی حتمی وجہ سے متعلق ریلوے حکام کی جانب سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔











