سول ڈیفنس ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، جس میں عوام کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے،چوہدری غلام مصطفیٰ
زاہد بختاوری وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے وطن عزیز پاکستان کے لئے اپنے فرائض ایمانداری، ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ انجام دینے والے سول ڈیفنس کے افسران و ذمہ داران کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔جن میں ایڈیشنل چیف وارڈن راولپنڈی سول ڈیفنس عزیر زاہد بختاوری،چیف وارڈن سول ڈیفنس اسلام آباد مہر شاہد اقبال، سول ڈیفنس آفیسر راولپنڈی چوہدری غلام مصطفیٰ، ڈویژنل وارڈن کینٹ ریحان الحق، سمیت سول ڈیفنس کے دیگر ذمہ داران اور شخصیات بھی شامل تھیں۔
اس موقع پر زاہد بختاوری نے کہا کہ سول ڈیفنس کے افسران اور رضاکار مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے کر قومی خدمت کا اہم فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ ہمیں وطن عزیز کے تحفظ، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید جذبے اور ایمانداری سے ادا کرنا ہونگی۔ سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی خدمات لائقِ تحسین ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی سے قومی خدمت کے جذبے کو مزید تقویت ملتی ہے۔
سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے زاہد بختاوری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سول ڈیفنس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیا۔ سول ڈیفنس آفیسر راولپنڈی چوہدری غلام مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس ایک اہم قومی ذمہ داری ہے، جس میں عوام کا بھرپور تعاون ناگزیر ہے۔عوام اور سول ڈیفنس کے درمیان باہمی تعاون سے ہنگامی حالات میں بہتر انداز میں عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔










