لاہور: چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے پاکستانی اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین کے تحفظ اور انہیں آزادانہ نقل و حرکت کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
اداکارہ حنا الطاف نے چند روز قبل لندن میں سیر کے دوران ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کراچی میں خواتین کو درپیش مشکلات پر اظہار خیال کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ لندن میں آزادانہ گھومنے پھرنے کے بعد کراچی واپسی پر انہیں دوبارہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حنا الطاف نے اپنی ویڈیو میں کراچی کو لڑکیوں کیلئے جیل سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں خواتین کیلئے آزادی کے ساتھ زندگی گزارنا آسان نہیں، یہاں تک کہ سڑکوں پر چلنے کے دوران بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ردعمل دیتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کیا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے حنا الطاف کی ویڈیو دیکھی ہے، جس میں اداکارہ نے کراچی میں خواتین کو درپیش تحفظ کے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔
انہوں نے اداکارہ کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کی حفاظت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ایسا ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے جہاں خواتین بغیر کسی خوف کے آزادانہ نقل و حرکت کر سکیں، اپنے اعتماد کے ساتھ زندگی گزاریں اور انہیں ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ خواتین خود کو محفوظ محسوس کریں اور تشدد یا ہراسانی سے محفوظ رہیں۔
حنا پرویز بٹ نے اداکارہ کے بیان کے تناظر میں لاہور آنے کی دعوت دہراتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور باوقار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ان کی ترجیح ہے۔










