بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے نئی عالمی منڈیاں تلاش کی جائیں: وزیراعظم

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے عالمی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی بہتر بنانے، نئی مارکیٹس تلاش کرنے اور زرعی اجناس میں ویلیو ایڈیشن کو ضروری قرار دیتے ہوئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، لائیو اسٹاک کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے پیداوار کے معیار اور مقدار میں بہتری کے ساتھ برآمدی شعبے کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی زرعی برآمدات 5.18 ارب ڈالر تک پہنچیں۔ برآمد ہونے والی اہم مصنوعات میں چاول، مچھلی اور سمندری خوراک، حلال گوشت، آلو، تل، تمباکو، آم اور مکئی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں اور برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کی جائے۔

اجلاس میں زرعی مصنوعات کے لیے مؤثر ویلیو چینز کی تشکیل، برآمد کنندگان کے لیے فنانسنگ سہولیات اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے پاکستان گڈ ایگریکلچر پریکٹسز نظام متعارف کرانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

بریفنگ کے مطابق چین، ایران اور خلیجی ممالک پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے اہم تجارتی منڈیاں ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی کونسل کو مزید فعال بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جس میں صوبوں کی نمائندگی وزرائے اعلیٰ کریں گے۔

اجلاس میں کسانوں اور زرعی اراضی کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے ڈیجیٹل فارمرز ڈائری اور ایگری اسٹیک کے قیام کی تجویز بھی سامنے آئی۔ اس نظام کے ذریعے زمین اور پانی کی جانچ سمیت دیگر اہم زرعی معلومات کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کسانوں کو فصلوں کی نگرانی اور بہتر پیداوار کے لیے دستیاب موبائل ایپ سے آگاہ کرنے کی غرض سے مؤثر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، مصدق ملک، جام کمال خان، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

2026-09-11 14
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×