اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست کو باضابطہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا۔
درخواست کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار شیر افضل مروت نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر اپنے کیس پر خود دلائل دیے۔
سماعت کے دوران شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ ان کی اپنی مرضی سے ہونا چاہیے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں یہ مؤقف تحریر کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
عدالت نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو نوٹس جاری کردیا۔ کیس میں آئندہ سماعت پر فریقین کا مؤقف مزید سامنے آنے کا امکان ہے۔











