بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

SerialKiller

فوٹو: فائل

لاہور: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مسلسل اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران پٹرول کی قیمت میں 29 روپے 95 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 400 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے، جس کا براہِ راست اثر عام شہری کی زندگی پر پڑ رہا ہے۔

مہنگا ایندھن، مہنگی اشیائے ضروریہ

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں، زرعی شعبے کے اخراجات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا سب سے زیادہ اثر تنخواہ دار اور کم آمدن والے طبقے پر پڑ رہا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پاکستان میں ڈیزل کی قیمت خطے کے کئی ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ بنگلہ دیش کے مقابلے میں ڈیزل تقریباً 140 روپے، بھارت سے 122 روپے، افغانستان سے 106 روپے جبکہ سری لنکا سے تقریباً 77 روپے فی لیٹر مہنگا بتایا گیا ہے۔

عدالت سے قیمتوں کے تعین کا ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا

درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی، ٹیکسز، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن سے متعلق ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار نے عدالت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کے طریقہ کار اور اس حوالے سے اختیار کیے جانے والے فارمولے کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔

2026-09-12 17
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×