نیویارک: پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی بہن کی علالت کے باعث برطانوی سفارتخانے سے لندن جانے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا جاری کرنے کی درخواست کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں میرا نے بتایا کہ وہ اس وقت نیویارک میں موجود ہیں، جبکہ ان کی بہن شائستہ عباس لندن میں مقیم ہیں اور انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی بہن کی بیماری آخری مرحلے میں ہے اور حالت تشویشناک ہے۔ میرا نے کہا کہ ان کی والدہ اور بھائی بھی لندن میں موجود ہیں اور وہ اپنی بہن سے ملاقات کرنا چاہتی ہیں۔
میرا نے برطانوی سفارتخانے سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موجودہ صورتحال کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لندن کا ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنی بیمار بہن کے پاس پہنچ سکیں۔
برطانیہ میں داخلے پر 10 سالہ پابندی کا معاملہ
واضح رہے کہ اداکارہ میرا کے برطانیہ میں داخلے پر ماضی میں 10 سال کی پابندی عائد کیے جانے کی بات سامنے آچکی ہے۔
اس حوالے سے میرا کی بہن شائستہ عباس نے بتایا کہ ویزا درخواست فارم میں انگریزی لکھنے کے دوران ہونے والی ایک غلطی کی وجہ سے برطانوی حکام نے میرا پر 10 سال کے لیے پابندی عائد کی تھی۔
شائستہ عباس کے مطابق یہ پابندی اب مکمل ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درخواست فارم میں ہونے والی غلطی معمولی نوعیت کی تھی، تاہم برطانوی حکومت نے اسے سنجیدگی سے لیا تھا۔
میرا نے موجودہ صورتحال میں اپنی بہن سے ملاقات کے لیے برطانوی حکام سے ویزا درخواست پر ہمدردانہ بنیادوں پر غور کرنے کی اپیل کی ہے۔










