بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن، 88 دکاندار گرفتار

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں پولی تھین بیگز کے استعمال، فروخت اور فراہمی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایک روز کے دوران 88 دکانداروں کو گرفتار اور 9 دکانیں سیل کر دیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 313 کلوگرام پولی تھین بیگز بھی ضبط کیے گئے۔ یہ کارروائیاں سنگل یوز پلاسٹک کی ممانعت سے متعلق 2023 کے قانون کے تحت کی جا رہی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق پلاسٹک بیگز زمین، آبی گزرگاہوں اور شہری ماحول میں طویل عرصے تک آلودگی کا باعث بنتے ہیں، جبکہ استعمال کے بعد پھینکے گئے تھیلے نالیوں کی بندش اور صفائی کے مسائل میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کا بنیادی مقصد ماحولیاتی آلودگی کم کرنا اور اسلام آباد کے قدرتی ماحول کا تحفظ ہے۔ صاف اور سرسبز شہر کے لیے پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ پولی تھین بیگز کی فروخت اور فراہمی فوری طور پر بند کرکے ماحول دوست متبادل اختیار کریں۔ انہوں نے شہریوں اور تاجروں پر بھی زور دیا کہ پابندی کے مؤثر نفاذ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

2026-10-03 28
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×