بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری، وزیراعظم کی ہدایت

SerialKiller

مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری، عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دیتے ہوئے مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کی توسیع، اپ گریڈیشن اور مسافروں کے لیے سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بین الاقوامی فرم کے ذریعے بڑے ایئرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار سے متعلق مکمل کیے گئے سروے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے منصوبوں کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور اصلاحات کی تھرڈ پارٹی جانچ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولت کو ہر حال میں مقدم رکھا جائے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں اور مسافروں سے رابطے میں رہنے والے افسران و عملے کو اعلیٰ معیار کی سروس ڈیلیوری کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے۔

انہوں نے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے اور ایئرپورٹس پر کھانے پینے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بہترین کیٹرنگ سروسز فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے، جبکہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کے ماسٹر پلانز کے تحت مزید توسیع اور تعمیراتی کاموں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے 14 ایئرپورٹس فعال کیے ہیں۔ مسافروں کی سہولت کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے عملے اور کاؤنٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بڑے ہوائی اڈوں پر بارڈر مینجمنٹ کے خودکار نظام یعنی ای گیٹس کی تنصیب پر کام جاری ہے، جبکہ کراچی کو ایئر کارگو حب بنانے کے لیے ایئر کارگو ولیج کی تعمیر بھی جاری ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے میٹ اینڈ گریٹ سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کی بروقت رہنمائی کے لیے پری ڈیپارچر ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حیدرآباد میں موجود ہوا بازی کے ادارے کو بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ زیرِ عمل ہے، جس پر فروری 2028 تک کام شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

2026-10-29 345
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×