لاہور اور کراچی میں 4 غیر قانونی کال سینٹرز بے نقاب، 89 ملزمان گرفتار
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر لاہور اور کراچی میں کارروائیاں کرتے ہوئے چار غیر قانونی کال اور اسکیم سینٹرز بے نقاب کر دیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 89 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو ٹیلی کام پیکجز اور موبائل فون اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کے نام پر دھوکہ دیتے اور ان سے رقوم وصول کرتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض ملزمان دھوکہ دہی کے ذریعے بینکنگ معلومات حاصل کرکے شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے والے نیٹ ورک سے بھی منسلک تھے۔
لاہور میں تین غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی
این سی سی آئی اے لاہور سرکل نے تین غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 42 ملزمان کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق یہ مراکز غیر ملکی شہریوں کو ٹیلی کام پیکجز اور موبائل اپ گریڈ کی پیشکش کے ذریعے مبینہ فراڈ میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران 67 لیپ ٹاپ، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر، 50 موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لیے گئے۔
کراچی میں اسکیم سینٹر بے نقاب
دوسری جانب این سی سی آئی اے کراچی سرکل نے شاہراہ فیصل ٹیکنالوجی پارک میں اذان انٹرپرائزز کے نام سے چلنے والے مبینہ اسکیم سینٹر کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 47 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کی بینکنگ معلومات دھوکہ دہی سے حاصل کرکے انہیں مالی نقصان پہنچانے والے نیٹ ورک کا حصہ تھے۔ کارروائی کے دوران 50 لیپ ٹاپ، 26 موبائل فونز، ایک ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔
ڈیجیٹل آلات فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے
این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں شہروں میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 117 لیپ ٹاپ، دو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، 76 موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور اسکیم سینٹرز کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دھوکہ دہی کے ذریعے شہریوں یا غیر ملکی افراد کو مالی نقصان پہنچانے والے مراکز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دیں۔









