ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میتھو مکھرجی 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ اداکارہ گزشتہ ایک برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور زیر علاج تھیں۔
میتھو مکھرجی نے اپنے فنی سفر کا بڑا حصہ بنگالی فلم انڈسٹری میں گزارا اور 1970ء اور 1980ء کی دہائیوں میں اپنی اداکاری کے باعث نمایاں شناخت بنائی۔ انہیں بنگالی سنیما کی معروف اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا تھا۔
اداکارہ نے بنگالی فلموں کے کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اور رنجیت ملک شامل ہیں۔ ان کی معروف فلموں میں ’مرجینا عبداللہ‘، ’نشی کانیا‘ اور ’موچک‘ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔
میتھو مکھرجی نے بنگالی سنیما کے ساتھ ساتھ ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی ہندی فلموں میں ’خان دوست‘، ’سفید جھوٹ‘، ’دل لگی‘ اور ’دو لڑکے دونوں کڑکے‘ شامل ہیں۔
اداکارہ کے انتقال پر آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے تعزیتی بیان میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تنظیم کے مطابق بھارتی فلمی صنعت میں میتھو مکھرجی کی خدمات اور ان کا فنی ورثہ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔










