جہلم (شہزاد بٹ، عابد فاروق): اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان کی زیرِ نگرانی محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام انسدادِ اسموگ آگاہی مہم کے سلسلے میں نمبرداران کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں اسموگ کے اسباب، فضائی آلودگی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔
کنونشن کا مقصد نمبرداران کو اسموگ کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور انہیں اپنے علاقوں میں کسانوں تک آگاہی پہنچانے کے لیے متحرک کرنا تھا۔ اس موقع پر فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی اور ماحول پر اس کے منفی اثرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے نمبرداران پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے نقصانات سے آگاہ کریں اور ماحول دوست زرعی طریقوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
عبداللہ غازی خان کا کہنا تھا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے کسانوں اور مقامی آبادی میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔ فضائی آلودگی میں کمی، ماحول کے تحفظ اور انسانی صحت کی حفاظت کے لیے متعلقہ اداروں، کسانوں اور مقامی نمائندوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
کنونشن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ انسدادِ اسموگ اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے عوامی آگاہی اور مقامی سطح پر تعاون کو فروغ دیا جائے، تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے جیسے عوامل سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔









