جہلم (شہزاد بٹ): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، ریونیو معاملات اور شہری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی (تنازعات کے حل کی کمیٹی) کی کارکردگی اور خسرہ و انتقالات سے متعلق مسائل پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سرکاری آمدن میں اضافے، واسا سے متعلق امور، شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی، ستھرا پنجاب پروگرام پر عمل درآمد اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS) کے تحت زیرِ سماعت ریونیو مقدمات کی پیش رفت اور کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ متعلقہ شعبوں کی کارکردگی، جاری اقدامات اور انتظامی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کے امور زیرِ غور آئے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو معاملات مقررہ مدت کے اندر نمٹائے جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے۔









