ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی مجموعی دولت میں گزشتہ ایک سال کے دوران تقریباً 2,490 کروڑ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود وہ بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار ہیں۔
ہورون انڈیا کی 2026ء کی دولت مند افراد کی فہرست کے مطابق شاہ رخ خان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت اب تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے رہ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال ان کی دولت 12,490 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔
فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد امیتابھ بچن تقریباً 4 ہزار کروڑ روپے، سلمان خان 3 ہزار کروڑ روپے اور ریتک روشن 2,500 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ بالترتیب اگلی پوزیشنز پر موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی آمدنی کا بڑا حصہ فلموں اور اشتہارات کے علاوہ ان کے مختلف کاروباری منصوبوں سے وابستہ ہے۔ ان کے کاروباری مفادات میں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق شاہ رخ خان کی دولت میں ایک سال کے دوران تقریباً 2,490 کروڑ روپے کی کمی ہوئی، تاہم اس کمی کے باوجود وہ فہرست میں بھارت کے امیر ترین اداکار کے طور پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ فلم کی ریلیز 24 دسمبر 2026ء کو متوقع ہے، جبکہ فلم کی کاسٹ میں دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھے ورما اور ابھیشیک بچن شامل ہیں۔










