راولپنڈی کی اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گرین بیلٹس خوبصورت برقی قمقموں سے جگمگا اٹھیں۔ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شاہراہ کی خوبصورتی میں اضافے اور شہری ماحول کو مزید دلکش بنانے کے لیے خصوصی لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جس کے باعث رات کے اوقات میں سڑک کا منظر دیدہ زیب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرین بیلٹس پر نصب کی گئی خوبصورت لائٹس نے اولڈ ایئرپورٹ روڈ کے حسن کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ رات کے وقت اس شاہراہ سے گزرنے والے شہریوں اور مسافروں کو روشن اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کو خوبصورت، صاف ستھرا اور روشن بنانا ہے، تاکہ راولپنڈی کو سرسبز اور جدید شہری تشخص دینے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
شہر کی تزئین و آرائش کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے شجرکاری، گرین بیلٹس کی بہتری، موسمی پھولوں کی نمائش، لینڈ اسکیپنگ اور خوبصورت لائٹنگ سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی توجہ اور ہدایات کے تحت گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور اہم شاہراہوں کو مزید خوبصورت بنانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گرین بیلٹس پر لائٹنگ کی تنصیب بھی انہی اقدامات کا حصہ ہے، جس سے شہر کے خوبصورت ماحول کو اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے مطابق شہر کو سرسبز، صاف ستھرا اور دیدہ زیب بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔










