بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

راولپنڈی کے قبرستانوں کو سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری مہم جاری

SerialKiller

فوٹو: فائل

راولپنڈی: شہر کے قبرستانوں کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی خصوصی شجرکاری مہم جاری ہے، جس کے تحت مختلف قبرستانوں میں بڑی تعداد میں پودے لگانے کے ساتھ موجودہ سبزہ کی دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے۔

ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق مہم کا مقصد قبرستانوں میں سبزہ بڑھانے کے ساتھ ماحولیاتی بہتری، گرمی کی شدت میں کمی اور شہریوں کے لیے صاف ستھرا اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر مختلف قبرستانوں میں شجرکاری اور گرین بیلٹس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہارٹیکلچر ٹیمیں موزوں مقامات کی نشاندہی کے بعد مختلف اقسام کے پودے لگا رہی ہیں جبکہ پہلے سے موجود درختوں اور پودوں کی نگہداشت بھی جاری ہے۔

مہم کے تحت لگائے جانے والے پودوں کی آبپاشی اور دیکھ بھال کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں نشوونما پا سکیں اور مستقبل میں گھنے درختوں کی شکل اختیار کریں۔

احمد حسن رانجھا نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف رکھنے کے ساتھ شہری علاقوں میں سایہ، ٹھنڈک اور خوبصورتی کا باعث بنتے ہیں۔ ان کے مطابق قبرستانوں میں شجرکاری سے ان مقامات کا ماحول مزید سرسبز اور پُرسکون بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سرسبز اور صاف ستھرے شہروں کے وژن کے تحت راولپنڈی میں شجرکاری، گرین بیلٹس کی بحالی، پارکس کی تزئین و آرائش اور دیگر ہارٹیکلچر سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ قبرستانوں سمیت تمام گرین ایریاز میں لگائے گئے پودوں کی باقاعدگی سے نگہداشت، بروقت آبپاشی اور ضروری ہارٹیکلچر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق شجرکاری مہم صرف پودے لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی مسلسل نگہداشت اور افزائش بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔

شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ درختوں اور پودوں کی حفاظت میں متعلقہ عملے سے تعاون کریں اور قبرستانوں سمیت عوامی مقامات پر لگائے گئے پودوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

2026-10-02 21
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×