لندن: مسٹر بین کے کردار سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے معروف برطانوی کامیڈین اور اداکار روون اٹکنسن تقریباً چار دہائیوں بعد دوبارہ ویسٹ اینڈ کے اسٹیج پر کامیڈی اسکیچ شو کے ساتھ واپسی کر رہے ہیں۔
روون اٹکنسن کا نیا تھیٹر شو "Rowan Live" اگلے سال لندن کے Gillian Lynne Theatre میں پیش کیا جائے گا۔ شو کا آغاز 8 فروری 2027 سے ہوگا جبکہ آخری پرفارمنس 13 مارچ کو شیڈول ہے، اس دوران مجموعی طور پر 30 شوز پیش کیے جائیں گے۔
اس خصوصی پروگرام میں روون اٹکنسن اپنے مقبول کردار مسٹر بین اور بلیک ایڈر سمیت ماضی کے مشہور کامیڈی اسکیچز دوبارہ اسٹیج پر پیش کریں گے۔ اس کے ساتھ نیا مواد بھی شامل کیا جائے گا، جسے ان کے دیرینہ تخلیقی ساتھیوں کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
اس منصوبے میں روون اٹکنسن کے ساتھ معروف مصنفین رچرڈ کرٹس اور بین ایلٹن جبکہ موسیقی کے لیے ہاورڈ گوڈال بھی شامل ہیں۔ شو کی ہدایت کاری راز شا کریں گے۔
روون اٹکنسن نے اس واپسی کے حوالے سے بتایا کہ انہیں چار دہائیوں بعد ویسٹ اینڈ میں کامیڈی اسکیچ شو کرنے کا موقع مل رہا ہے اور وہ اپنے ابتدائی دور کے معروف اسکیچز کے ساتھ کچھ نیا مواد بھی ناظرین کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔
روون اٹکنسن نے Not the Nine O'Clock News سے شہرت حاصل کی، بعد ازاں Blackadder اور Mr Bean جیسے کرداروں نے انہیں عالمی سطح پر کامیڈی کی نمایاں شخصیات میں شامل کر دیا۔ اب Rowan Live کے ذریعے وہ ایک بار پھر تھیٹر کے اسٹیج پر اپنے مشہور کرداروں کے ساتھ نظر آئیں گے۔










