بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

سلمان خان کا اے آئی جعلی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

SerialKiller

فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز اور آوازوں کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے مواد کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی حمایت کی ہے۔

بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 20 میں گفتگو کے دوران سلمان خان نے اے آئی سے بنائے گئے جعلی مواد کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ خود بھی اس نوعیت کی ویڈیوز کا نشانہ بن چکے ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ جو لوگ جان بوجھ کر کسی کی جعلی ویڈیو تیار کرکے اسے سوشل میڈیا پر پھیلاتے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ویڈیو تیار کرنا یا کسی کی آواز کو تبدیل کرکے پیش کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔

سلمان خان نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص حقیقت سے لاعلمی کی وجہ سے اے آئی سے تیار کردہ مواد سوشل میڈیا پر شیئر کردے تو اس کی صورتحال مختلف ہوسکتی ہے، تاہم حقیقت معلوم ہونے کے باوجود جعلی مواد بنانے اور پھیلانے والوں کو اپنی ذمہ داری قبول کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں مؤثر کارروائی ضروری ہے، کیونکہ چند افراد کے خلاف عملی قدم اٹھائے بغیر اس رجحان کو روکنا مشکل ہوگا۔ سلمان خان نے سوشل میڈیا پر جعلی مواد کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی اور نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بالی ووڈ اسٹار کے مطابق سوشل میڈیا پر ٹرولنگ، غنڈہ گردی اور خواتین کو ہراساں کرنے جیسے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں، اس لیے آن لائن پلیٹ فارمز پر صارفین کو اپنی پوسٹس اور تیار کردہ مواد کی ذمہ داری قبول کرنا چاہیے۔

سلمان خان نے عام صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معروف شخصیات جعلی ویڈیوز کے خلاف سائبر سیل سے رابطہ کرکے تحقیقات میں مدد حاصل کرسکتی ہیں، لیکن عام افراد کے پاس اس مقصد کے لیے اتنے وسائل یا رسائی موجود نہیں ہوتی۔

انہوں نے یہ گفتگو بگ باس 20 کے گھر میں موجود شرکا کی جانب سے ایک دوسرے کی ظاہری شکل و صورت پر کیے جانے والے تبصروں کے تناظر میں کی۔

2026-09-29 31
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×