بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت کو ایک بھارتی ٹی وی شو میں دیے گئے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنی گفتگو اور پروگرام میں کی گئی پرفارمنس کی وضاحت پیش کردی۔
رپورٹس کے مطابق سنجے دت نے حالیہ پروگرام کے دوران بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہ ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ماضی کے دنوں کو واپس آتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
اسی پروگرام میں سنجے دت نے وزیراعظم کے کردار سے متعلق ایک پرفارمنس بھی پیش کی، جسے بعض حلقوں کی جانب سے سیاسی تنقید سے جوڑا گیا۔ اس کے بعد اداکار کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کے بعد سنجے دت نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں ان کی پرفارمنس اسکرپٹ کا حصہ تھی اور اسے کسی مخصوص فرد، برادری یا تنظیم کے خلاف بیان کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے۔
اداکار نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری، توہین یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔










