بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

سنگیتا کا تیسری شادی سے متعلق انکشاف، گھریلو تشدد کے تلخ تجربات بھی بیان کردیے

SerialKiller

فوٹو: فائل

کراچی: پاکستانی فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی نجی زندگی اور شادیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تیسری شادی سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سنگیتا نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کے دوران پیش آنے والے مبینہ گھریلو تشدد کے واقعات پر بھی تفصیل سے بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی جبکہ دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی۔ ان کے مطابق بعد ازاں انہوں نے فلم انڈسٹری سے وابستہ ڈسٹری بیوٹر طارق میندرو سے تیسری شادی کی، جسے تقریباً 14 برس گزر چکے ہیں۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ بچوں کی شادیاں ہوجانے کے بعد انہیں تنہائی کا احساس ہوا، اسی دوران طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر انہوں نے یہ سوچا کہ عمر کے اس حصے میں زندگی گزارنے کے لیے ایک اچھے ساتھی کا ساتھ ضروری ہے۔ سنگیتا کے مطابق ان کے موجودہ شوہر نہ بدزبانی کرتے ہیں، نہ خواتین پر ہاتھ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی بلاوجہ بحث و تکرار کرتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر کبھی وہ خود غصے میں ہوں تو ان کے شوہر بحث کو آگے بڑھانے کے بجائے خاموشی اختیار کرتے ہوئے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہی رویہ ان کی موجودہ ازدواجی زندگی کو بہتر انداز میں چلانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔

اپنی سابقہ شادیوں کے تلخ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے سنگیتا نے کہا کہ ان کے نزدیک ازدواجی رشتے میں جسمانی تشدد ناقابل قبول ہے اور یہی وجہ تھی کہ انہیں ماضی میں طلاق کا فیصلہ کرنا پڑا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں انہیں جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا اور بعض اوقات وہ جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ اسٹوڈیو بھی پہنچتی رہی ہیں۔

سنگیتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ برداشت کیا، تاہم موجودہ شادی میں باہمی احترام اور غصے کے وقت خاموش رہنے کی عادت نے رشتے کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

2026-09-21 19
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×