کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 14 برس سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ڈسٹری بیوٹر طارق میندرو کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔
ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنگیتا نے پہلی مرتبہ اپنی موجودہ شادی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی اور اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کے تجربات بھی بیان کیے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی جبکہ دوسری شادی نوید اکبر سے ہوئی تھی، تاہم دونوں شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں۔ بعد ازاں انہوں نے طارق میندرو سے تیسری شادی کی۔
سنگیتا نے بتایا کہ بیٹیوں کی شادیوں کے بعد انہیں تنہائی کا احساس ہونے لگا تھا۔ اسی دوران طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی، جس کے بعد انہوں نے اس رشتے کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کو ایک ایسے ساتھی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے جو زندگی میں ساتھ دے، اسی سوچ کے تحت انہوں نے تیسری شادی کا فیصلہ کیا۔
اپنی موجودہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے سنگیتا نے کہا کہ ان کے شوہر گالم گلوچ نہیں کرتے، ہاتھ نہیں اٹھاتے اور بلاوجہ بحث یا جھگڑے سے گریز کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کبھی وہ غصے میں ہوں تو ان کے شوہر بحث کرنے کے بجائے خاموشی سے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں، جسے وہ اپنی ازدواجی زندگی میں سکون کی ایک وجہ سمجھتی ہیں۔










