کراچی: پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو جرمنی کے معروف اوبر ایرینا میں کامیاب اور ہاؤس فل کنسرٹ کے بعد خصوصی برلن بڈی بیئر سے نوازا گیا ہے۔
ستمبر 2026 میں اوبر ایرینا میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد عاطف اسلم کو دی جانے والی یادگاری ٹرافی اور ان کی تصویر اب ایرینا کی ایک خصوصی دیوار کی زینت بن گئی ہے۔ اس دیوار پر کیٹی پیری، ریحانہ اور ٹومورو ایکس ٹوگیدر سمیت متعدد عالمی فنکاروں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اس دیوار اور اپنے اعزاز کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔ کامیابی پر متعدد معروف شخصیات نے بھی گلوکار کو مبارکباد دی۔
اوبر ایرینا میں ستمبر 2008 سے ایسے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو خصوصی برلن بڈی بیئر پیش کرنے کی روایت جاری ہے جو وہاں ہاؤس فل یا کسی نمایاں ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں۔ یہ اعزاز برلن شہر کی ثقافتی شناخت سے بھی خاص تعلق رکھتا ہے۔
عاطف اسلم ان دنوں عالمی میوزک ٹور پر ہیں، جس کے سلسلے میں نومبر اور دسمبر کے دوران فرانس اور متحدہ عرب امارات میں بھی ان کے کنسرٹس شیڈول ہیں۔
گلوکار نے رواں سال موسیقی کے میدان میں دوبارہ سرگرمیاں تیز کی ہیں۔ انہوں نے 15 جون کو لندن کے او2 ایرینا میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ ان کا چوتھا اسٹوڈیو البم ’صبح آئے نہ‘ 31 جولائی 2026 کو ریلیز ہوا۔
یہ البم 2008 میں ریلیز ہونے والے ’میری کہانی‘ کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم قرار دیا جا رہا ہے۔
گزشتہ برس بھی عاطف اسلم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے فنکاروں میں شامل رہے، جبکہ ان کی موسیقی کو مجموعی طور پر تقریباً 8 ارب مرتبہ اسٹریم کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔










