لاہور: پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی آمدنی اور ڈراموں کے معاوضوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معروف اداکار ایک مختصر مدت میں عام ملازمت پیشہ افراد کے مقابلے میں کہیں زیادہ رقم کما سکتے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان وصی شاہ کے ساتھ گفتگو کے دوران فرح نادر نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مالی معاملات پر بھی بات کی۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک عام شخص اگر ایک ماہ میں تقریباً ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار بعض اوقات اتنی رقم تقریباً 10 دن میں حاصل کرلیتا ہے۔
فرح نادر کے مطابق ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکاروں اور اداکاراؤں کے معاوضے مزید زیادہ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مرکزی فنکار ایک ڈرامے کے لیے عموماً 15 سے 20 لاکھ روپے تک معاوضہ وصول کرسکتا ہے، جبکہ بعض پروجیکٹس میں یہ رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پروڈیوسرز فنکاروں کو ان کا معاوضہ بروقت ادا کریں تو شوبز ایک ایسا شعبہ ہے جہاں کام کرنے والے افراد کے لیے آمدنی کے اچھے مواقع موجود ہیں۔
پروگرام کے دوران فرح نادر نے کسی مخصوص اداکار یا اداکارہ کے معاوضے کا نام لے کر ذکر نہیں کیا۔ گفتگو میں موجود خاتون میزبان نے ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر سمیت مختلف فنکاروں کے نام لیے۔
فرح نادر پاکستان کی سینئر فنکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز معروف کلاسک ڈرامہ ’خدا کی بستی‘ سے کیا تھا اور طویل عرصے سے ٹیلی ویژن سے وابستہ ہیں۔










