لاہور: سیشن کورٹ نے فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے مقدمے میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔
لاہور کی سیشن عدالت میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی مبینہ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عظمیٰ بخاری کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرانے کی درخواست مسترد کردی اور انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت کے روبرو پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی۔
عظمیٰ بخاری نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کے فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں فلک جاوید کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔










