بھارتی اداکار راجو کھیر نے اپنے بھائی اور معروف اداکار انوپم کھیر کے حوالے سے ایک ذاتی تجربہ شیئر کرتے ہوئے ماضی کے مشکل وقت کا ذکر کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راجو کھیر نے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا مرحلہ بھی آیا جب انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق انہوں نے ایک نئے ٹی وی چینل کے منصوبے پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا گھر فروخت کیا اور حاصل ہونے والی رقم ایک پروگرام کی تیاری میں لگا دی۔
راجو کھیر نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے ’لائف کے لیے کچھ بھی کرے گا‘ کے نام سے ایک پروگرام تیار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام پر کام مکمل ہونے اور معاہدے ہونے کے باوجود اچانک وہ نیا چینل ہی بند ہوگیا، جس کے باعث ان کی سرمایہ کاری بھی خطرے میں پڑ گئی۔
اداکار کے مطابق اس صورتحال نے انہیں مالی پریشانی میں مبتلا کردیا اور انہیں کرایہ ادا کرنے میں بھی مشکلات پیش آنے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں انہیں اپنے بھائی انوپم کھیر سے مدد کی توقع تھی، تاہم انہیں وہ تعاون نہیں مل سکا جس کی وہ امید کر رہے تھے۔
راجو کھیر کا کہنا تھا کہ اس وقت انوپم کھیر نے بھی فلموں میں کام محدود کر رکھا تھا کیونکہ وہ اپنی پسند کے مطابق منصوبوں کا انتخاب کرنا چاہتے تھے۔ راجو کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ ان کے بھائی ان کی مدد کرسکتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا۔
راجو کھیر نے انٹرویو میں اپنے ماضی کے اس تجربے کو یاد کرتے ہوئے مالی مشکلات اور اس دور میں پیش آنے والے حالات پر کھل کر گفتگو کی۔










