کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار آغا مصطفیٰ نے کام کا معاوضہ بروقت ادا نہ کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنکاروں کو اپنے پیسوں کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
اداکار نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے انڈسٹری میں معاوضوں کی ادائیگی کے معاملے پر اپنے تجربات بیان کیے۔
آغا مصطفیٰ کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فنکاروں کو ان کی رقم مقررہ وقت پر نہیں ملتی۔ انہوں نے اپنے کسی ڈرامے کا نام لیے بغیر بتایا کہ ایک ڈرامہ جون میں مکمل ہوا تھا، تاہم ستمبر گزرنے کے باوجود انہیں اس کا معاوضہ موصول نہیں ہوا اور رقم کی ادائیگی سے متعلق بھی کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔
اداکار نے کہا کہ یہ صورتحال صرف ان کے ساتھ پیش نہیں آ رہی بلکہ کئی دیگر فنکار بھی اسی مسئلے کا سامنا کرتے ہیں۔ ان کے بقول انڈسٹری میں بڑے نام رکھنے والے اداکاروں کو ادائیگی نسبتاً جلد کر دی جاتی ہے، جبکہ دیگر فنکاروں کو اپنے معاوضے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔
آغا مصطفیٰ نے اپنی ذاتی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے جہاں ان کے والدین اور خاندان رہتے ہیں، جبکہ وہ کام کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہیں۔ ان کے مطابق رہائش، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات سمیت متعدد مالی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ اپنے گھر میں کام کرنے والے ملازمین کو ان کا معاوضہ وقت پر ادا کرتے ہیں تو ان کے اپنے کام کی رقم بھی مقررہ وقت پر کیوں ادا نہیں کی جاتی۔
اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ جب وہ اپنے واجب الادا معاوضے کے حصول کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو بعض لوگ انہیں شکایت کرنے والا قرار دیتے ہیں اور مبینہ طور پر دیگر افراد کو ان کے ساتھ کام نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔
آغا مصطفیٰ کی جانب سے سامنے آنے والے ان خیالات نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو بروقت معاوضوں کی ادائیگی کے معاملے کو ایک بار پھر بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔










