بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

وزیراعظم شہباز شریف کا ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کا حکم، سست بینکوں کو رعایت نہ دینے کی ہدایت

SerialKiller

وزیراعظم شہباز شریف کا بینکوں کو قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کا حکم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کے شعبوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ان شعبوں کو فروغ دے کر ملکی معیشت بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومتی اقدامات کے تحت کسانوں، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں اور وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے مستحقین کو قرضوں کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جو بینک زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کے تحت ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والے بینکوں کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کسی قسم کی رعایت نہ برتیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی میں بینکوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ حکومت اور اس کے ادارے بینکوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں، اس لیے توقع ہے کہ بینک بھی ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں اسی جذبے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولتوں کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

2026-11-02 739
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×