اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ باہمی تعاون کو مختلف شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال سے ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات، پارلیمانی روابط سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، حالانکہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت معمولی ہے۔
ایاز صادق کے مطابق قومی اسمبلی میں گرین پارلیمنٹ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے عزم کا عملی مظہر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ قومی اسمبلی نے قانون سازی، پارلیمانی اصلاحات اور عوامی اہمیت کے امور پر مؤثر پیش رفت کی ہے۔ ویمن پارلیمنٹری کاکس، چائلڈ پارلیمنٹری کاکس اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سیکرٹریٹ کا قیام اہم پارلیمانی اقدامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق سمیت پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے پارلیمان کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے سردار ایاز صادق نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں پنجاب کی پیش رفت قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان کے پاس باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کا وسیع ذخیرہ موجود ہے جس سے یورپی یونین استفادہ کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، تربیت اور روزگار کے شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
علاقائی امن پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے کردار کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا ثالثی کردار بھی امن کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔
ملاقات کے دوران یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندرے دوستال نے پاکستان کی علاقائی امن، پارلیمانی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون کے لیے کوششوں کو سراہا۔
اوندرے دوستال نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو قدرتی حسن سے مالا مال قرار دیتے ہوئے ملک کی خوبصورتی کو بھی سراہا۔










