پشاور: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے کورئیر سروسز کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں میں جعلی کرنسی بھجوانے کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ ایک اہم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 14 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کے جعلی پاکستانی نوٹ برآمد کیے گئے۔ کارروائی ایک شکایت کی بنیاد پر شروع کی گئی، جس کے بعد حکام نے جعلی کرنسی پر مشتمل کورئیر پارسلز کا سراغ لگایا۔
تحقیقات کے دوران ایف آئی اے نے زید زیب ولد عالم زیب خان، سکنہ غریب آباد، شبقدر، چارسدہ کو گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ جعلی کرنسی تیار اور فراہم کرنے والے ایک منظم گروہ سے جعلی نوٹ وصول کرتا اور انہیں کورئیر پارسلز کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں تک پہنچانے میں سہولت کاری کرتا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سمیت دیگر نامزد اور غیر گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے جعلی کرنسی کے اصل ماخذ، سپلائی چین اور اس سے منسلک وسیع نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









