لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد سرکاری افسران و اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران لودھراں اور مظفرگڑھ میں پولیس کے سب انسپکٹرز امیر حیدر اور حاجی احمد، جبکہ خانیوال میں آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس آفیسر اورنگزیب قریشی کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح شاہ کوٹ اور راجن پور میں پولیس کے اے ایس آئیز شرافت علی اور ظفر بخاری بھی مبینہ رشوت وصول کرتے ہوئے پکڑے گئے۔
حکام کے مطابق شیخوپورہ میں لیبر انسپکٹر غلام مرتضیٰ، گجرات میں محکمہ ماحولیات کے سینئر کلرک عابد حسین، ملتان میں اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر انتظار میو، بہاولپور میں محکمہ جنگلات کے فاریسٹ مینیجر محمد احمد یوسف اور لاہور میں پی ایچ اے انسپکٹر بلال اشفاق کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ مختلف کارروائیوں کے دوران گرفتار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ تاہم گرفتار افراد پر عائد الزامات کا حتمی تعین متعلقہ قانونی کارروائی اور عدالت کے فیصلے سے ہوگا۔











