کوہاٹ: کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے تحقیق کے میدان میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے شعبہ فزکس کے تحت جدید ترین لیزر ریسرچ لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی تھے، جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان، ڈی ڈی اے سی چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا کہ جدید ترین لیزر ریسرچ لیبارٹری کا قیام یونیورسٹی کے لیے تاریخی کامیابی ہے، جو اعلیٰ معیار کی سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی تعلیم کے فروغ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی لیبارٹری کے ذریعے طلبہ، اساتذہ اور محققین کو جدید تحقیقی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے سائنسی تحقیق، اختراع اور نئی دریافتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جدید تحقیقی سہولیات کے ذریعے ملکی و غیر ملکی اداروں کے ساتھ باہمی تعاون اور صنعت و جامعہ کے درمیان روابط کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر عدنان اور ڈاکٹر خالد محمود کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے جدید لیزر ریسرچ لیبارٹری کا قیام ممکن ہوا، جو پاکستان میں سائنسی تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں جدید تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایسی سہولیات دیگر جامعات میں بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ طلبہ کو تحقیق کے جدید مواقع میسر آسکیں۔










