مظفرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولنگ میں تاخیر اور اپنے پولنگ ایجنٹس کو مبینہ طور پر روکنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پیر کو پولنگ ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا کہ بعض مقامات پر پولنگ مقررہ وقت پر شروع نہیں کی گئی، جبکہ کہیں پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو بھی روکا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات پر وضاحت طلب کی جائے۔
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے طرزِ عمل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کی شکایات پر یہ کہا جا رہا ہے کہ کچھ نہیں ہوا اور سب ٹھیک ہے۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام شکایات پر فوری کارروائی کرنا ہے، وضاحتیں اور تسلیاں دینا نہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پیپلزپارٹی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی شکست کو دھاندلی کے بیانیے کے ذریعے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ توقع ہے پیپلزپارٹی والے آج ’’الٹی گنتی کو سیدھا‘‘ کردیں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔










