لاہور: معروف سماجی شخصیت روبینہ افضل نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اساتذہ کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد کا کام صرف کتابی علم منتقل کرنا نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی اور زندگی کے درست راستے کے انتخاب میں رہنمائی کرنا بھی ہے۔
روبینہ افضل کا کہنا تھا کہ تقریباً ہر شخص کی زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا استاد ضرور آتا ہے جس کی نصیحت، رہنمائی یا حوصلہ افزائی مستقبل میں آگے بڑھنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بہترین استاد اپنے شاگردوں کو صرف تعلیمی معلومات فراہم نہیں کرتا بلکہ ان میں اعتماد، شعور، مثبت سوچ اور ایک بہتر انسان بننے کی خواہش بھی پیدا کرتا ہے۔
ان کے مطابق معاشرے کی فکری اور اخلاقی تعمیر میں اساتذہ بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ کی محنت اور مسلسل رہنمائی سے ایسی نسلیں تیار ہوتی ہیں جو مستقبل میں ملک اور معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
روبینہ افضل نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے تمام اساتذہ سمیت ان افراد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو اپنے علم، تجربے اور عملی کردار کے ذریعے دوسروں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کا سبب بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا احترام کسی ایک دن تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ استاد کی عزت اور قدر و منزلت کو روزمرہ زندگی اور معاشرتی رویوں کا مستقل حصہ بنانا ضروری ہے۔








