بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ: شادی پر بیوی کو دیا گیا سونا اسی کی ملکیت تصور ہوگا

SerialKiller

عدالت نے چھ تولہ سونا واپس کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے شادی کے موقع پر بیوی کو تحفے میں دیا جانے والا سونا اس کی ملکیت قرار دیتے ہوئے چھ تولہ سونا واپس کرنے کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے۔

جسٹس انوار حسین نے شہری محسن علی کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے شوہر کی اپیل جزوی طور پر منظور کر لی۔ درخواست گزار نے ماتحت عدالتوں کی جانب سے بیوی کو چھ تولہ سونا واپس کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ شادی کے وقت بیوی کو دیا جانے والا سونا اسی کی ذاتی ملکیت تصور ہوگا۔ فیصلے کے مطابق بیوی کی جانب سے سونا چھیننے کا الزام عائد کیے جانے کی صورت میں اسے ثابت کرنے کی بھاری ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے۔

مقدمے میں بیوی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کے شوہر نے اس سے سونا چھین لیا تھا، تاہم عدالت کے مطابق وہ اپنے اس الزام کو ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ اس معاملے میں فیملی کورٹ اور سیشن کورٹ کے فیصلے برقرار نہیں رکھے جا سکتے، چنانچہ دونوں ماتحت عدالتوں کے چھ تولہ سونا واپس کرنے سے متعلق احکامات کالعدم قرار دے دیے گئے۔

تاہم عدالت نے نان و نفقہ اور سامانِ جہیز سے متعلق سابقہ فیصلوں میں کوئی مداخلت نہیں کی، یوں ان معاملات پر ماتحت عدالتوں کے احکامات برقرار رہے۔

2026-10-30 82
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×