News Article
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پاک چین دوستی ہسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ادارے کا نام مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا جبکہ یہاں آنے والے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہری طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
اسلام آباد میں پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ لوگوں کی دعائیں ملتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہسپتال چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ تھا، جو چین کی قیادت کی دوراندیشی اور دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی ایک نمایاں اور پائیدار علامت قرار دیا۔
شہباز شریف کے مطابق کورونا وبا کے دوران چین نے پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے بعد اس کی بندش افسوسناک تھی۔ انہوں نے ہسپتال بند ہونے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال عوام کے ساتھ ساتھ چینی قیادت اور عوام سے بھی ناانصافی کے مترادف تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتال کی بندش اس بات کا تاثر دیتی تھی کہ غریب عوام کی مشکلات اور ضروریات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاک چین دوستی ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رہے گا اور اس کے انتظامی و مالی اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی۔ ہسپتال میں مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جائے گا، جبکہ ملک کے تمام حصوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے آنے والے شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کے وژن کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مصطفیٰ کمال صحت کے شعبے کو اس معیار تک لے جائیں گے جہاں عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں اور وہ حکومتی اقدامات کے لیے دعائیں دیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی ہسپتال کو عوامی خدمت کے مرکز کے طور پر فعال رکھا جائے گا اور مفت علاج کی سہولت کے ذریعے شہریوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔









