اسلام آباد، : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، بحری امور اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں فریقوں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان موجودہ گرمجوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات میں ناروے میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستان اور ناروے کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کے تناظر میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔










