اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال سمیت دفاعی معاہدے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال، بالخصوص مقبوضہ مشرقی یروشلم کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی۔
ترجمان کے مطابق بات چیت میں کویتی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کے فالو اَپ کے ساتھ ساتھ اہم شعبوں میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور کویت کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر نے مختلف علاقائی اور دوطرفہ امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔










