اسلام آباد، : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کی آئندہ سفارتی سرگرمیوں اور اعلیٰ سطح کے متوقع دوروں سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ناروے کے وزیر خارجہ کے اسلام آباد کے دورے کی تیاریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پاکستان کی آئندہ سفارتی سرگرمیوں کے علاوہ خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آئندہ سفارتی سرگرمیوں سے ٹھوس اور مؤثر نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور جامع تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان کی سفارتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سرگرمیوں کے لیے مربوط انداز میں تیاری کی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارت خارجہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی










