بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

اسلام آباد سیف سٹی کیمروں کے تحفظ کا نیا آرڈیننس نافذ، 20 لاکھ روپے تک جرمانہ

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس نظام کے تحفظ کے لیے نیا آرڈیننس نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت کیمروں یا نگرانی کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے پر فی کیمرہ یا انفراسٹرکچر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر اسلام آباد سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کے تحفظ سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔

آرڈیننس کے تحت سیف سٹی کے کسی کیمرے یا متعلقہ سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، اسے تباہ کرنے یا نقصان پہنچانے پر اکسانے والے شخص کے خلاف مالی کارروائی کی جاسکے گی۔

نئے قانون کے مطابق جلسے، جلوس، دھرنے یا احتجاج کے دوران اگر سیف سٹی کیمروں یا نگرانی کے نظام کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری متعلقہ احتجاج کے منتظمین پر بھی عائد کی جاسکے گی۔

آرڈیننس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نقصان پہنچانے والے افراد سے کیمروں یا انفراسٹرکچر کی مرمت اور تبدیلی کے اخراجات بھی وصول کیے جائیں گے۔ جرمانے اور نقصان کی مد میں وصول ہونے والی رقم سیف سٹی نظام کی مرمت اور بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

قانون کے مطابق مجاز افسر متعلقہ فریق کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد جرمانے کی رقم کا تعین کرے گا۔

آرڈیننس کے تحت جرمانے کے فیصلے کے خلاف 30 روز کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے اپیل دائر کی جاسکے گی۔

جرمانہ مقررہ مدت میں ادا نہ کیے جانے کی صورت میں اس رقم کو اراضی محصول کے بقایاجات کے طور پر وصول کیا جاسکے گا۔

2026-09-26 24
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×