لاہور: تین ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے اور آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 386 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں سری لنکن ٹیم 331 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 386 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 167 رنز بنائے۔ ٹام بیٹن 74، ہیری بروک 44، جارڈ کاکس 43، ول جیکس 30 اور سیم کرن 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشن مدھوشنکا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے مزاحمت کی، تاہم مطلوبہ ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ پوون رتنائیکے نے 118 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان کوشل مینڈس 89 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
دیگر بلے بازوں میں اوشکا فرنینڈو نے 48، ساہان اراچیگے نے 30 اور جنتھ لیناگے نے 27 رنز اسکور کیے، لیکن ٹیم 331 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، سونی بیکر نے دو جبکہ سیم کرن، ہینری کروکومب اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھی۔ تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کو کھیلا جائے گا۔









