بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ رشوت دینے کی کوشش میں گرفتار، اینٹی کرپشن کی کارروائی

SerialKiller

فوٹو: فائل

راولپنڈی: پنجاب حکومت کی کرپشن کے خلاف پالیسی کے تحت اٹک جیل کے سپرنٹنڈنٹ عمران برتھ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق انہیں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو مبینہ طور پر رشوت دینے کی کوشش کے دوران اینٹی کرپشن حکام نے گرفتار کیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق 5 اکتوبر 2026 کو رات تقریباً 10 بجے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عمران برتھ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے پہنچے۔

ملاقات کے دوران ڈسٹرکٹ جیل اٹک کی سیکیورٹی، سیفٹی اور دیگر انتظامی معاملات پر گفتگو ہوئی، جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل وہاں سے روانہ ہوگئے۔

محکمہ جیل کے مطابق تقریباً دو منٹ بعد عمران برتھ دوبارہ واپس آئے اور آئی جی جیل خانہ جات سے ایک اہم بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس دوران جب آئی جی جیل خانہ جات ڈرائنگ روم میں پہنچے تو سپرنٹنڈنٹ وہاں موجود تھے۔

حکام کے مطابق عمران برتھ نے نوٹوں سے بھرا ایک لفافہ آئی جی جیل خانہ جات کی میز پر رکھ دیا۔ آئی جی میاں سالک جلال نے مبینہ طور پر رقم قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے فوری طور پر واقعے کی اطلاع سیکریٹری ہوم پنجاب کو دی۔

بعد ازاں معاملہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے علم میں لایا گیا، جس پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل عمران برتھ کو مبینہ رشوت کی رقم والے لفافے سمیت گرفتار کرلیا۔

محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے قانون کے مطابق جاری ہیں۔

2026-10-06 29
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×